این اے میٹنگز

جب مناسب تربیت پانے کے بعد مریض نشے کے بغیر ہی صحت مند، پرُسکون، کارآمد اور خوشحال زندگی گزارنے کے قابل ہو جاتے ہیں تو انہیں فالو اپ اور بحالی پانے والے مریضوں کی خصوصی محفلوں میں شمولیت کی تاکید کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے۔ ان محفلوں کو این اے میٹنگز کہا جاتا ہے۔

مریض این اے میٹنگ میں باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں اور ساتھی مریضوں کی مدد کرتے ہیں۔ وہ بحالی کے پروگرام میں شریک ہوتے ہیں اور غیر مشروط طور پر نشہ ترک کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ وہ اپنے آپ کو صحت مند لیکن نشے کا مریض سمجھتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اب بھی نشہ کرنے کے قابل نہیں ہیں اور نشہ کرنے کی صورت میں وہ پھر برباد ہو جائیں گے۔ مریض نشے سے ہمیشہ کیلئے دور رہنے کا ارادہ کرتے ہیں اور بحالی کے پروگرام کا مستقل حصہ بن جاتے ہیں۔ گویا اب وہ زندگی کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لے کر ہوش مندی کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔

N.A Meetings

این اے کی محفلوں میں شرکت

این اے کی محفلوں میں شریک ہو کر مریض دیگر خوشحال مریضوں سے میل جول کے ذریعے خود بھی آخر کار خوشحالی حاصل کرتا ہے۔ عام طور پر پاکستان میں علامات پسپائی کو کنٹرول کرنا ہی علاج سمجھا جاتا ہے حالانکہ اصل علاج تو اُس کے بعد شروع ہوتا ہے۔ خالی علاج بھی کافی نہیں، بعد ازاں بحال شدہ مریضوں کی راہنمائی میں بحالی کی حفاظت کرنا بھی ضروری ہے۔

Hyde Park

ہائیڈ پارک

علاج کے بعد مریض کیلئے این اے میٹنگ میں شرکت لازم ہے این اے میٹنگ عموماً ایسی جگہ ہوتی ہے جہاں مریض بلا خوف وخطر آپس میں مل سکیں۔ شور مچا سکیں بھڑاس نکال سکیں جہاں کوئی اُنہیں روک ٹوک نہ کرے۔ یہ جگہ ’’ہائیڈ پارک‘‘ کی طرح ہوتی ہے۔ میٹنگ میں مریض کی باتوں پر حیرت کا اظہار نہیں کیا جاتا نہ زبان سے نہ جسم کی زبان سے بلکہ حاضرین پورے جسم کی جنبش سے بتاتے ہیں کہ وہ کسی ایک ممبر پر بیتنے والی کیفیت کو سمجھتے ہیں۔ جونہی کسی مریض کو احساس ہوتا ہے کہ این اے میٹنگ میں اس کے دکھ درد کو سمجھا جاتا ہے، وہ ریلیکس ہو جاتا ہے اور دل کی باتیں کرنے لگتا ہے وہ حال پوچھنے پر یہ نہیں کہتا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں وہ بتاتا ہے کہ اسے کہاں دکھتا ہے وہ احساس کی زبان بولنے لگتا ہے۔

Bright Examples

روشن مثالیں

دوسروں کی روشن مثالیں شمعوں کی طرح اس کے سامنے جل رہی ہوتی ہیں، یوں وہ بھی ایک شمع جلانے کیلئے تیار ہو جاتا ہے۔ ایک اور شمع جلنے کے بعد روشنی پہلے سے زیادہ ہو جاتی ہے۔ این اے میٹنگ میں شرکت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مریض اپنی بحالی کے ساتھ ایماندار ہو گیا ہے اور اُس کے خوشحال ہونے کا موسم آ گیا ہے۔