ڈپریشن سے بچنے کی ٹپس

Tips to Avoid Depression

ڈپریشن نے بہت سارے لوگوں کی زندگی کو تاریکی میں ڈال دیا ہے۔ یہ ایک بہت ہی پیچیدہ ذہنی مرض ہے جو کہ معاشرتی رویوں سے مزید مشکل ہو جاتا ہے۔

2010 میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق یہ دنیا کا دوسرا ایسا مرض ہے جو کہ معذوری کی وجہ بنتا ہے اور پاکستان میں اندازاً 34 فی صد لوگ ڈپریشن کا شکار ہیں، افسوس کہ ان کے پاس علاج کے اچھے اور کثیر مواقع بھی نہیں ہیں۔

ایسے میں کیا کیا جا سکتا ہے؟
جب لوگوں میں ڈپریشن کے متعلق علم اور علاج کی کمی ہو تو سب سے بہترین راستہ احتیاط ہے۔
دھوپ
چند جدید تحقیقات سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ جن علاقہ جات میں دھوپ زیادہ ہوتی ہے، وہاں لوگ کم ہی ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں، کوشش کریں کہ روزانہ، خاص کر صبح کے وقت، کم سے کم 30 منٹ دھوپ میں گزاریں۔ اس دوران آپ چہل قدمی کے لئے جا سکتے ہیں یا گھر پر رہ کر کسی ایسے حصے میں کوئی کام کر سکتے ہیں جہاں دھوپ موجود ہو۔
ورزش
ورزش اچھی صحت کے لئے ویسے ہی ضروری ہے لیکن اس کے ذریعے آپ ڈپریشن سے بھی بچ سکتے ہیں۔ آپ کارڈیو ویسکیولر ایکسرسائز (Cardio Vascular Exercises) کو اپنے معمول میں شامل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تیز قدمی اور مزید سخت ورزش کو بھی اختیار کر سکتے ہیں۔ ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ منٹ کے پہلے 50 سیکنڈ درمیانی رفتار پر چلیں اور آخری 10 سیکنڈ میں تیز قدموں سے چلیں۔ اس طرح سے 30 منٹ مکمل کر لیں۔
مضبوط تعلقات
آپ کا معاشرتی دائرہ، دوست و احباب اور لوگوں سے تعلقات بھی ڈپریشن سے بچنے کا ایک بہترین طریقہ ہو سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ایسے لوگوں کے قریب رہیں، جن کے ساتھ اچھی ذہنی ہم آہنگی ہو اور آپ اُن پر اعتبار کر سکتے ہوں۔ مضبوط تعلقات آپ کو ڈپریشن سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
کاگنیٹو بہیوریل تھراپی (CBT)
کاگنیٹو بہیوریل تھراپی کی کچھ ٹیکنیکس بھی استعمال میں لائی جا سکتی ہیں۔ ان سے آپ کے اندر مشکلات کو ذہنی پریشانی کے بغیر حل کرنے کی صلاحیتیں پیدا ہوں گی۔

روزانہ 3 منٹ تک کوشش کریں کہ کوئی مسئلہ لکھیں اور پھر اس کے 3 حل لکھیں۔ اس طرح آپ ان جوابات کو حقیقتاً استعمال بھی کر سکتے ہیں اور مسائل کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیں گے۔